نئی دہلی،11اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے بی جے پی سے آج کہا کہ مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ کو لے کر اپنی شکایت کے بارے میں وہ کل کلکتہ ہائی کورٹ جائے۔جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس اے ایم سپرے نے کہا کہ ہائی کورٹ کے پاس یہ معاملہ زیر التواء ہے اور اس نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا وقت ایک دن بڑھانے کا حکم واپس لینے سے متعلق ریاستی الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کل روک لگا دی ہے۔بنچ نے ہائی کورٹ سے درخواست کی کہ اس معاملے میں قانون کے مطابق کل غور کرے۔بی جے پی کی مغربی بنگال یونٹ نے نامزدگی کی مدت نو اپریل سے ایک دن آگے بڑھانے اور پھر اس حکم کو واپس لینے کے کمیشن کے فیصلے کے خلاف کل عدالت میں عرضی دائر کی تھی۔درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے حکمران ترنمول کانگریس کے دباؤ میں اپنا فیصلہ واپس لیا ہے۔بی جے پی نے اپنی درخواست میں اپنے امیدواروں کو پرچہ نامزدگی حاصل کرنے اور انہیں داخل کرکے انتخابی عمل میں شامل ہونے کے حق کے تحفظ کی درخواست کی ہے۔ریاست میں ایک، تین اور پانچ مئی کو پنچایت انتخابات ہونے ہیں۔